11

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد کا نیا حکم، کاروباری اوقات میں نمایاں تبدیلیاں

اسلام آباد ضلعی انتظامیہ نے ملک میں جاری توانائی بچت مہم کے تحت اہم اور سخت اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں تمام بازار، دکانیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے پابند ہوں گے۔

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ پابندی ہفتہ اور اتوار سمیت ہفتے کے ساتوں دن لاگو ہوگی۔

اسی طرح کریانہ اسٹورز، گروسری شاپس، ہوٹل اور ریسٹورنٹس رات 10 بجے تک بند کرنا لازمی ہوگا، جبکہ فوڈ آؤٹ لیٹس سے کھانا صرف پیک کر کے لے جانے کی اجازت ہوگی۔

ضلعی انتظامیہ نے میرج ہالز اور دیگر تقریبات کے لیے بھی وقت مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام ایونٹس رات 10 بجے تک ختم کر دیے جائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہسپتال، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز اور پٹرول پمپس اس حکم سے مستثنیٰ ہوں گے، جبکہ دودھ کی دکانیں بھی رات 8 بجے بندش سے آزاد ہوں گی۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد توانائی کی بچت اور بجلی کے غیر ضروری استعمال میں کمی لانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں