بابر اعظم نے پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) 11 کے اہم میچ میں پشاور زلمی کی جانب سے کراچی کنگز کے خلاف شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا اور کامران اکمل کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا جبکہ ٹیم کے متعدد ریکارڈز بھی بن گئے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کے خلاف پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جارحانہ انداز اپنایا اور دوسری وکٹ کی ریکارڈ شراکت میں کوسل مینڈس اور کپتان بابراعظم نے ٹیم کا اسکور 191 رنز تک پہنچایا، جس میں مینڈس کی سنچری اور بابر کی نصف سنچری شامل تھی۔
کوسل مینڈس نے 52 گیندوں پر 14 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے جبکہ بابراعظم نے آؤٹ ہوئے بغیر 51 گیندوں پر 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 87 رنز بنائے۔









