41

ملک بھر کی جامعات میں فزیکل کلاسز، سندھ میں نیا تعلیمی سال آج سے شروع ہو گیا

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے آج سے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات میں فزیکل کلاسز بحال کرنے کا اعلان کردیا، سندھ میں بھی نیا تعلیمی سال آج سے شروع ہوگیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق آج یکم اپریل 2026ء سے تمام یونیورسٹیز اور ڈگری ایوارڈنگ اداروں میں فزیکل کلاسز دوبارہ شروع کی گئی ہیں۔

یہ فیصلہ 10 مارچ 2026ء کے خط کے تسلسل میں کیا گیا ہے، سابقہ فیصلہ ایندھن کے بچاؤ کے اقدامات کے تحت تعلیمی سرگرمیوں سے متعلق کیا گیا تھا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ صوبے میں اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی سال آج یکم اپریل سے شروع ہوگا۔

اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے مطابق محکمہ تعلیم سندھ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت اسکولوں میں ہفتے میں دو دن تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ صوبے بھر کے اسکولوں میں ہفتہ اور اتوار دو دن تعطیل ہوگی۔ ہفتہ کی تعطیل کا فیصلہ حکومت کے آئندہ حکم نامہ تک جاری رہے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم نے کہا کہ نئے سال میں اساتذہ کی محنت، طلبہ کی دلچسپی اور والدین کے جذبے کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں