اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ پٹی میں کم از کم 13 فلسطینی شہید ہو گئے جن میں دو بچے، ایک حاملہ خاتون اور نو پولیس اہلکار شامل ہیں۔
اتوار کو ایک اسرائیلی حملہ وسطی غزہ کے ایک پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک میاں بیوی، ان کا 10 سالہ بیٹا اور ایک 15 سالہ پڑوسی لڑکا جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی خاتون جڑواں بچوں کی ماں بننے والی تھیں۔ مقامی افراد کے مطابق حملہ اچانک کیا گیا اور اس سے پہلے کسی قسم کی وارننگ نہیں دی گئی۔
اسی دوران ایک اور حملہ الزویدہ کے علاقے میں ایک پولیس گاڑی پر کیا گیا جس کے نتیجے میں نو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
غزہ کی وزارت داخلہ نے اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار رمضان کے دوران بازاروں کی نگرانی اور امن و امان برقرار رکھنے کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے۔









