پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل صارفین کو خبردار کیا ہے کہ اگر کسی موبائل سم کو مسلسل 6 ماہ تک استعمال میں نہ لایا گیا تو متعلقہ ٹیلی کام آپریٹر اسے بند کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق وہ سمز جن پر 180 دن تک کال، ایس ایم ایس یا انٹرنیٹ استعمال کا کوئی ریکارڈ نہیں ہوگا، انہیں غیر فعال تصور کیا جائے گا۔ بند ہونے والے نمبرز دوبارہ کسی دوسرے صارف کو جاری کیے جا سکتے ہیں، اور اس نمبر پر سابق صارف کا کوئی قانونی حق باقی نہیں رہے گا۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اگر کوئی صارف کسی وجہ سے عارضی طور پر اپنی سم استعمال نہیں کر پا رہا، تو وہ اپنے ٹیلی کام آپریٹر کو تحریری درخواست یا ای میل کے ذریعے مخصوص مدت کے لیے نمبر محفوظ رکھنے کی درخواست دے سکتا ہے۔
اتھارٹی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ موبائل سم کا باقاعدہ اور ذمہ داری کے ساتھ استعمال جاری رکھیں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔









