لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے تصدیق کی ہے کہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ کے قریب طیارہ حادثے میں لیبیا کے آرمی چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل محمد علی الحداد سمیت کئی اعلیٰ عسکری حکام جاں بحق ہو گئے ہیں۔
وزیراعظم عبدالحمید دبیبہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہیں یہ افسوسناک خبر انتہائی دکھ اور صدمے کے ساتھ موصول ہوئی۔
انہوں نے تصدیق کی کہ حادثے میں آرمی چیف محمد علی الحداد اور ان کے وفد کے ارکان جان کی بازی ہار گئے۔
وزیراعظم کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں بری افواج کے چیف آف اسٹاف، ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے سربراہ، آرمی چیف کے مشیر اور میڈیا آفس کے فوٹوگرافر بھی شامل ہیں۔









