یاسین ملک کا مقدمہ اقوام متحدہ لے جایا جائے: مشعال ملک کا مطالبہ

73

کشمیری رہنما اور حریت لیڈر یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے ریاستِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت کی قید میں موجود یاسین ملک کی رہائی کا مقدمہ اقوام متحدہ کی عدالت میں پیش کیا جائے۔ کراچی میں پاکستان ہندو کونسل کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت ہر قیمت پر یاسین ملک کو جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر سزائے موت دلوانا چاہتا ہے، جسے روکنے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔

مشعال ملک نے کہا کہ پاکستان، کشمیری قوم اور دنیا بھر کے دوست ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے مضبوط آواز اٹھائیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ جلد عالمی سطح پر ایک منظم مہم کا آغاز کرنے جا رہی ہیں تاکہ یاسین ملک کے لیے عالمی حمایت پیدا کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مختلف مذاہب کے لوگ ہمیشہ یکجہتی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور یہی جذبہ اس تحریک کو مضبوط کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے یاسین ملک کے لیے دعاؤں کی اپیل کی تو مساجد، مندروں اور چرچوں سمیت ہر عبادت گاہ میں ان کی آزادی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

مشعال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کا پورا سیاسی سفر امن، مذاکرات اور انسانی حقوق کی جدوجہد سے عبارت ہے۔ مشکل سے مشکل حالات میں بھی انہوں نے امن کا راستہ اختیار کیا اور پلوامہ جیسے حالات کے باوجود بھی وہ بات چیت کے حامی رہے۔ ان کی تحریک مذہب، نسل اور برادری سے بالاتر ہے جس میں سکھ، پنڈت اور دیگر اقلیتوں کے افراد بھی شامل ہیں۔

انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ڈیجیٹل ریفرنڈم کرایا جائے گا تاکہ دنیا کو مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتِ حال دکھائی جا سکے۔ یہ مہم محض ایک کمپین نہیں بلکہ انسانی آزادی اور انصاف کی جدوجہد ہے۔

مشعال ملک نے مزید بتایا کہ “Save Yasin Malik” مہم کو وسیع کرنے کے لیے ایک بڑا پبلک ریلیشنز پروگرام شروع کیا جا رہا ہے جس میں گھر گھر آگاہی، طلبہ تک رسائی، وولنٹیئر نیٹ ورک، ملین لوگوں تک ڈیجیٹل مہم اور عالمی رابطوں کا نیا فیز شامل ہوگا۔ اس کے ساتھ ایک خصوصی ویب سائٹ بھی لانچ کی جا رہی ہے جہاں لوگ اپنے آئیڈیاز اور عملی تجاویز دے سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ “میں اپنی جانب سے ہر قربانی دے چکی ہوں، اب عالمی برادری اور عوام کا امتحان ہے کہ وہ یاسین ملک کی زندگی بچانے کے لیے کیا کردار ادا کرتے ہیں”۔

اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل کے پیٹرن ان چیف رمیش کمار نے کہا کہ کشمیر 78 برس پرانا تنازع ہے اور مشعال ملک سمیت تمام حریت قیادت کی جدوجہد ایک دن ضرور رنگ لائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں