گوادر میں خواتین کے لیے پہلا خصوصی پارک قائم کر دیا گیا

107

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی (جی ڈی ای) نے باضابطہ طور پر اپنے بیچ ماڈل پارک کو صرف خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص تفریحی مقام قرار دے دیا ہے، جو خواتین اور کم عمر بچوں کیلئے محفوظ عوامی ماحول فراہم کرنے کی جانب ایک اہم اقدام ہے۔ جی ڈی اے کے ڈائریکٹر ماحولیات کی جانب سے جاری کردہ عوامی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس پالیسی کا مقصد ایک محفوظ، صاف اور آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے جہاں خواتین اور بچے بنا کسی پریشانی کے تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔

سمندر کنارے واقع اس پارک میں واکنگ ٹریکس، سایہ دار بیٹھنے کی جگہیں، خوبصورت لان اور بچوں کے لیے مخصوص پلے ایریاز شامل ہیں،پہلے ہی گوادر کے مصروف ترین فیملی پارکس میں شمار ہونے والا یہ پارک، نئی حیثیت کے بعد خصوصاً شام کے اوقات اور ہفتہ وار تعطیلات میں خواتین کی بڑی تعداد کو اپنی جانب متوجہ کرے گا۔

جون 2023 میں جی ڈی اے نے ماڈل بیچ پارک کو فیملی پارک میں تبدیل کیا تھا اور اتوار کا دن خواتین کی تفریح کیلئے مختص کر دیا تھا۔

اسی دوران خواتین کے ایک گروپ کو پارک میں ’’بلوچ انسائیڈ ہب‘‘کے نام سے اسٹال لگانے کی اجازت بھی دی گئی، جہاں کھانے پینے کی اشیا، کتابیں، اسٹیشنری، کھلونے اور دیگر وہ مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں جو خاص طور پر خواتین اور بچوں کے لیے ہوتی ہیں۔ پہلے یہ اسٹال صرف اتوار کو لگتا تھا، تاہم تازہ نوٹیفکیشن کے بعد اب اسے مزید دنوں میں کھولنے کی اجازت ہوگی۔

عام عوام کے لیے گوادر کے دیگر نمایاں پارکس میں جناح ایونیو پر واقع جی ڈی اے سنٹرل پارک (ہر بوی پارک)، ہیمر ہیڈ ایریا میں سن سیٹ پارک اور میرین ڈرائیو کے ساتھ تفریحی مقامات شامل ہیں۔ تاہم نئی پالیسی کے تحت بیچ ماڈل پارک اب ضلع کا واحد تفریحی مقام بن گیا ہے جو مکمل طور پر خواتین اور بچوں کے لیے مخصوص ہے۔بلوچستان بھر میں خواتین کے لیے مخصوص عوامی مقامات نہایت کم ہیں۔

اگرچہ مختلف اضلاع میں وہ فیملی پارکس موجود ہیں جو خواتین اور بچوں میں مقبول ہیںجس میں کوئٹہ کے فاطمہ جناح فیملی پارک، لیاقت پارک، زم زم پارک (ہزارہ ٹاؤن)، عسکری پارک اور گرین پاکستان فیملی ریزورٹ شامل ہیں لیکن ان میں سے کوئی بھی صرف خواتین کے لیے مختص نہیں۔ اسی طرح دیگر اضلاع میں بھی سرکاری یا فیملی پارکس تو موجود ہیں مگر ان میں خواتین کے لیے خصوصی یا مختص حصے قائم نہیں کیے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں