جامعہ بلوچستان کے انسٹی ٹیوٹ آف بائیوکیمسٹری میں سائنس ایگزیبیشن اور ماڈل مقابلے کا انعقاد کیا گیا، جس میں چوتھے اور چھٹے سمسٹر کے طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے سائنسی ماڈلز اور تخلیقی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی تھے۔
انہوں نے مختلف اسٹالز کا معائنہ کیا، طلبہ سے بات چیت کی اور ان کی محنت، جدتِ فکر اور سائنسی مہارت کو سراہا۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ کی جانب سے طلبہ کو عملی اور تحقیقی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کو قابلِ تحسین قرار دیا۔تقریب کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد جاوید تھے، جبکہ انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد شریف حسنی نے طلبہ کی کامیابیوں پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طلبہ میں سائنسی رجحان اور تحقیق کی جانب دلچسپی پیدا کرتی ہیں۔
ڈائریکٹر کیو اے اے ڈی ڈاکٹر آصف سجاد، ڈاکٹر محمد سہیل، فیکلٹی ممبران اور پی آر او محمد صادق نے بھی نمائش میں شرکت کی اور طلبہ کے تیار کردہ ماڈلز کی تعریف کی۔ شرکائے تقریب کے مطابق اس نوعیت کی علمی سرگرمیاں طلبہ میں اعتماد، ٹیم ورک اور مسئلہ حل کرنے کی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہیں۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ مرکزی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حرا۔دوسری پوزیشن مختار احمد۔تیسری پوزیشن ذیشان احمددوسری کیٹیگری میںپہلی پوزیشن آفتاب۔دوسری پوزیشن۔سعید احمد۔تیسری پوزیشن تیمور احمد،تقریب اختتامی کلمات کے ساتھ اس عزم پر ختم ہوئی کہ جامعہ آئندہ بھی طلبہ کو سائنسی سرگرمیوں کے بہتر مواقع فراہم کرتی رہے گی









