38

گوادر میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی کارروائی، بڑی مقدار میں منشیات برآمد

پاکستان کوسٹ گارڈز نے گوادر کے علاقوں پیشوگان اور پلیری میں کارروائیاں کرتے ہوئے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کر لی۔ کوسٹ گارڈز کی انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر پلیری میں کی گئی کارروائی میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 1400 کلوگرام چرس، 105 کلوگرام متھ آئس، 8 کلوگرام ہیروئن اور 6.5 کلوگرام آفیون برآمد کی گئی۔

ایک اور کارروائی میں پیشوگان کے ساحلی راستے پسوگیپ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران 476 کلوگرام اعلیٰ معیار کی چرس برآمد کی گئی، جس کا خدشہ ہے کہ یہ سمندر کے راستے بیرون ملک اسمگل کی جا رہی تھی۔ ترجمان کوسٹ گارڈز کا کہنا تھا کہ پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 134.43 ملین ڈالر ہے۔

دوسری جانب، اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں کے اطراف منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ پانچ مختلف کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان گرفتار کیے گئے اور 390.52 کلوگرام منشیات، جس کی مالیت 46 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد ہے، برآمد کی گئی۔

کاروائیوں میں قراقرم ہائی وے مانسہرہ کے قریب 400 گرام چرس، کراچی میں برطانیہ جانیوالے پارسل سے 124 گرام ہیروئن، لاہور میں 2 کلو آئس، حیات آباد پشاور سے 1 کلو آئس اور اعلی زئی ڈسٹرکٹ پشین سے 387 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔

انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، اور حکام نے کہا ہے کہ منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ ملک کی معیشت اور عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں