ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ محض ایک یا دو سگریٹ پینے کی عادت بھی دل کے امراض اور موت کے خطرے کو نمایاں حد تک بڑھا سکتی ہے۔
جرنل PLOS Medicine میں شائع ہونے والی تحقیق میں 3 لاکھ سے زائد بالغ افراد پر ہونے والی 22 طویل المعیاد رپورٹس کا جائزہ لیا گیا۔ ان افراد کی صحت کا اوسطاً 20 سال تک تجزیہ کیا گیا، جس دوران ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد اموات اور 54 ہزار افراد میں دل کی بیماریوں کی تشخیص ہوئی۔
تحقیق کے نتائج کے مطابق روزانہ چند سگریٹس پینے والے افراد میں ہارٹ فیلیئر کا خطرہ 50 فیصد اور کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 60 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ تمباکو نوشی چھوڑنے کے بعد بھی خطرہ کچھ سالوں تک برقرار رہتا ہے، تاہم عادت ترک کرنے کے 10 سال بعد نمایاں کمی آتی ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ جوانی میں سگریٹ ترک کرنا دل کی صحت کے لیے سب سے مؤثر طریقہ ہے، اور عمر کے ساتھ صرف سگریٹس کی تعداد کم کرنے سے خطرات میں کوئی خاص کمی نہیں آتی۔
اس تحقیق سے واضح ہوتا ہے کہ حتیٰ کہ کم مقدار میں سگریٹ پینے کا عادی ہونا بھی دل کی بیماریوں کے لیے خطرناک ہے، اور نوجوانوں کو تمباکو نوشی کی عادت سے بچانا انتہائی ضروری ہے۔









