واٹس ایپ کی جانب سے یوزر نیم فیچر کو متعارف کرانے کے لیے اہم پیشرفت کی گئی ہے۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ پلیٹ فارم میں ایک سسٹم کی آزمائش کی جا رہی ہے جو صارفین کو یوزر نیمز ریزرو کرانے میں مدد فراہم کرے گا۔
درحقیقت واٹس ایپ میں میٹا کے دیگر پلیٹ فارمز کو بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے اور صارفین وہ یوزر نیمز منتخب کرسکیں گے جو وہ فیس بک اور انسٹا گرام میں استعمال کر رہے ہیں۔
Wabetainfo کی ایک رپورٹ کے مطابق اس پیشرفت سے عندیہ ملتا ہے کہ میٹا کی جانب سے تمام پلیٹ فارمز کو یکجا کیا جا رہا ہے۔
یہ نیا فیچر اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا (beta) ورژن میں نظر آیا ہے۔
یہ فیچر ابھی بیٹا صارفین کو دستیاب نہیں مگر امکان ہے کہ مستقبل میں کسی وقت وہ اسے استعمال کرسکیں گے۔
اس نئے سسٹم کے تحت صارفین کو واٹس ایپ سیٹنگز میں پروفائل ٹیب کے اندر یوزر نیم کا آپشن نظر آئے گا۔
وہاں وہ اپنی پسند کے کسی یوزر نیم کو ریزرو کرسکیں گے یا میٹا اکاؤنٹس سے منسلک یوزر نیمز کو منتخب کرسکیں گے۔
صارفین کو منتخب یوزر نیمز والے اکاؤنٹس کی ملکیت کی تصدیق کرنا ہوگی اور ایسا میٹا اکاؤنٹس سینٹر کے ذریعے ہوگا۔
جو افراد فیس بک یا انسٹا گرام یوزر نیم کو استعمال کرنے کے خواہشمند نہیں ہوں گے، انہیں یوزر نیم سسٹم کے مکمل متعارف ہونے تک انتظار کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ واٹس ایپ کی جانب سے گزشتہ دنوں بتایا گیا تھا کہ یوزر نیم فیچر کو باضابطہ طور پر 2026 میں کسی وقت متعارف کرایا جائے گا۔









