ناقص و غیر معیاری بیکری مصنوعات کی فروخت و تیاری کے تدارک کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی جانب سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خصوصی مہم کا آغاز کر دیا گیا۔مہم کے پہلے روز بی ایف اے آپریشن ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں ڈبل روڈ، سریاب روڈ، پشتون آباد، میکانگی روڈ، سرکی روڈ، اختر محمد روڈ اور نواں کلی میں قائم بیکریوں اور بیکنگ یونٹس کی تفصیلی چیکنگ کی۔
چیکنگ کے دوران مجموعی طور پر 49 مراکز کا معائنہ کیا گیا، جن میں سے 16 بیکریوں اور بیکنگ یونٹس پر مختلف وجوہات کی بناء پر جرمانے عائد کیے گئے جبکہ صفائی کی ناقص صورتحال، زائد المعیاد اجزاء کی موجودگی اور زنگ آلود مشینری پر اشیاء کی تیاری جیسے سنگین فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر 5 بیکنگ یونٹس کو سیل کر دیا گیا۔
بی ایف اے آپریشن ٹیموں نے کارروائی کے دوران متعدد مراکز سے ایکسپائرڈ فوڈ کلرز، فلیورز، چاکلیٹس، ساسز اور دیگر اجزاء برآمد کر کے ضبط کر لیے۔
ٹیموں نے اس بات پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا کہ کئی بیکریوں میں ملازمین کی ذاتی صفائی کی صورتحال انتہائی ناقص پائی گئی جو کہ فوڈ سیفٹی کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی وقار خورشید عالم کا اس حوالے سے کہنا ہیکہ بیکری مصنوعات کے ناقص معیار سے متعلق عوامی سطح پر مسلسل شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے پیشِ نظر اور صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بی ایف اے حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایت پر خصوصی مہم شروع کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غیر معیاری اور غیر محفوظ بیکری مصنوعات نہ صرف صارفین کی صحت کے لیے خطرناک ہیں بلکہ مختلف بیماریوں کا باعث بھی بن سکتی ہیں اس لیے ایسے تمام مراکز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈی جی بی ایف اے نے واضح کیا کہ فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی غیر معیاری بیکری مصنوعات کی فروخت یا تیاری کی نشاندہی کر کے فوڈ اتھارٹی کے مشن میں اپنا کردار ادا کریں۔









