صارفین کی ایپل کے نئے آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز میں ایک بڑے مسئلے کی نشاندہی

97

ایپل کی جانب سے 9 ستمبر کو آئی فون 17 سیریز کو متعارف کرایا گیا جس کی فروخت 19 ستمبر سے شروع ہوئی۔

دنیا بھر میں آئی فون 17 سیریز کے ماڈلز کی فروخت جاری ہے اور اب اس حوالے سے صارفین نے ایک بڑے مسئلے کی نشاندہی کی ہے۔

درحقیقت صارفین نے آئی فون 17 سیریز کو ‘اسکریچ میگنیٹ’ قرار دیا ہے۔

کچھ افراد نے شکایت کی ہے کہ اس سیریز کے مخصوص ماڈلز بہت آسانی سے خراشوں کا شکار ہو جاتے ہیں۔

19 ستمبر کو آئی فونز کی فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی سوشل میڈیا پر لوگوں نے آئی فون 17 ائیر، 17 پرو اور 17 پرو میکس کی تصاویر شیئر کیں جن میں خراشیں نظر آرہی تھیں۔

ایکس (ٹوئٹر) پر ایک صارف نے ویڈیو پوسٹ کی جس میں آئی فون 17 پرو میکس کے بیک پر خراشیں واضح تھیں۔

صارف نے کیپشن میں اسے اسکریچ گیٹ قرار دیا۔

ایک اور صارف نے آئی فون 17 ائیر کی تصویر شیئر کی جس میں ڈیوائس میں خراش موجود تھی اور اسے اسکریچ میگنیٹ قرار دیا۔

ایک یوٹیوب ویڈیو میں آئی فون 17 ماڈلز کو چاقو، اسکریو ڈرائیور، لائٹرز، سکوں اور چابیوں سے جانچا گیا۔

ویڈیو سے ثابت ہوا کہ اورنج اور بلیو رنگوں کے آئی فون 17 پرو ماڈلز بہت آسانی سے متاثر ہو جاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ایپل نے 9 ستمبر کو آئی فون 17 سیریز کے پرو ماڈلز کو متعارف کرایا تھا تو اس نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈیوائسز کے بیک پر موجود سرامکس شیلڈ خراشوں سے بچانے کے لیے 3 گنا زیادہ تحفظ فراہم کرتی ہے۔

ایپل کی جانب سے اس حوالے سے ابھی کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں