برطانیہ میں وزن کم کرنے کے غیر قانونی انجکشن لگوانے کے باعث 82 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ایک انڈرورلڈ نیٹ ورک نے 25 لاکھ سے زائد افراد کو یہ خطرناک انجکشن فروخت کیے جو صرف 20 پاؤنڈ فی انجکشن کے حساب سے بلیک مارکیٹ میں بیچے گئے۔
میڈیسن اینڈ ہیلتھ کیئر پروڈکٹس ریگولیٹری ایجنسی (MHRA) نے حکومت کے تعاون سے بڑے پیمانے پر چھاپوں کی تیاری کر لی ہے تاکہ اس جان لیوا دھندے کو روکا جا سکے۔
رپورٹس کے مطابق، برطانیہ میں ذیابطیس اور موٹاپے کے شکار ہزاروں افراد نے وزن کم کرنے کے لیے آن لائن دستیاب یہ انجکشن منگوائے، جنہیں کسی سائنسی یا طبی تجرباتی مرحلے سے نہیں گزارا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 53 سالہ خاتون کیرن مانچسٹر میں انجکشن لگوانے کے چند دن بعد انتقال کر گئیں۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ وہ خود کو دبلا پتلا اور خوبصورت بنانا چاہتی تھیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ بلیک مارکیٹ میں مختلف ناموں سے یہ انجکشن فروخت کیے جا رہے تھے جن کی کوئی طبی منظوری موجود نہیں تھی۔ حکام نے اب تک 2.5 لاکھ پاؤنڈ مالیت کے غیر قانونی انجکشن برآمد کر لیے ہیں۔
ریگولیٹری اداروں نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ غیر مصدقہ ذرائع سے وزن کم کرنے والے انجکشن خریدنا نہ صرف خطرناک بلکہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔









