102

کوئٹہ شہر اور صوبے کے دیگر علاقوں میں گیس پریشر میں کمی اور بندش باعث تشویش ہے، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے پریس ریلیز میں کہا گیاہے کہ کوئٹہ شہر اور صوبے کے دیگر علاقوں میں شدید سردی کے باوجود گیس پریشر میں کمی اور رات کے اوقات میں گیس کی مکمل بندش پر سخت تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کا عوام دشمن طرزِ عمل اس سرد موسم میں شہریوں کے لیے شدید اذیت اور مشکلات کا باعث بن گیا ہے۔

گھروں میں چولہے بند ہیں، بچے، بزرگ اور مریض سخت سردی میں ٹھٹھرنے پر مجبور ہیں، جبکہ درجنوں علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث کئی افسوسناک واقعات پیش آچکے ہیں جن سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے متعدد بار گیس کمپنی کے حکام سے ملاقاتیں کیں اور عوامی مشکلات سے آگاہ کیا، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اب تک کسی بھی سطح پر کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

گیس پریشر کی بہتری اور فراہمی یقینی بنانے کے بجائے کمپنی نے اپنی روایتی غفلت اور بے حسی کا مظاہرہ کیا ہے۔ پارٹی نے واضح کیا کہ اگر صورتحال یہی رہی اور عوام کو ریلیف نہ ملا تو لوگ احتجاجی مظاہروں پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری سوئی سدرن گیس کمپنی اور متعلقہ حکومتی اداروں پر عائد ہوگی۔ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے اعلی حکام سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گیس کی فراہمی بحال کی جائے، پریشر کو متوازن رکھا جائے، اور اس سنگین مسئلے کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو مزید اذیت سے نجات مل سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں