10

کوئٹہ میں گرانفروشی اور نرخنامے کی خلاف ورزی پر 41 افراد گرفتار ،جیل منتقل ،28 دکانیں سیل

وزیر اعلیٰ بلوچستان کے احکامات پر ماہِ رمضان المبارک کے دوران سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی بنانے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے پرائس کنٹرول کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ اس سلسلے میں مختلف سب ڈویژنز میں اچانک معائنوں اور کریک ڈاؤن کے دوران متعدد دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔

رمضان کے چوتھے دن ضلعی انتظامیہ نے مجموعی کارروائیوں کے دوران 145 دکانوں اور مارکیٹوں کا معائنہ کیا۔ جبکہ گرانفروشی اور نرخنامے کی خلاف ورزی پر 41 افراد کو گرفتار کرکے جیل منتقل کرکے 28 دکانیں سیل کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق سب ڈویژن سٹی میں 34 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جہاں خلاف ورزیوں پر 11 افراد کو گرفتار کرکے 10 دکانیں سیل کی گئیں۔

جبکہ سب ڈویژن صدر میں 35 دکانوں کی جانچ پڑتال کے دوران 11 افراد گرفتار جبکہ 6 دکانیں سیل کی گئیں۔ اس کے علاؤہ سب ڈویژن سریاب میں 30 دکانوں کا معائنہ کیا گیا، جہاں 8 افراد کو گرفتار کرکے 5 دکانیں سیل کی گئیں۔اسی طرح سب ڈویژن کچلاک میں 38 دکانوں کی انسپکشن کے دوران 12 افراد گرفتار اور 7 دکانیں سیل کی گئیں۔ان کارروائیوں میں تمام تحصیل اسسٹنٹ کمشنرز اور اسپیشل مجسٹریٹس نے حصہ لیا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گرانفروشی، ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی شکایات کے ازالے اور رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرانفروشی کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں