جیکب آباد کے 3 نوجوان کوئٹہ جاتے ہوئے راستے میں مبینہ طور پر اغوا، بلوچستان پولیس مغویوں کو بازیاب کرانے میں ناکام۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے نواحی گا¶ں سکندر آباد کے رہائشی سابق یوسی ناظم عاطف خان کھوسو کے 2 بیٹے حیدر علی، محمد یوشا کھوسو اور ضلع کونسل کے رکن شہاب کھوسو کا بیٹا سلمان کھوسو کوئٹہ جاتے ہوئے بلوچستان کے علاقے بختیار آباد سے مبینہ طور پر گاڑی سمیت اغوا ہوگئے، نوجوانوں کے موبائل فون بند ملنے پر ورثا پریشان، کھوسہ برادری کے سینکڑوں افراد بختیار آباد پہنچے، بتایا جارہا ہے کہ موبائل فونز کی آخری لوکیشن نوتال کے علاقے میں ٹریس ہوئی جس کے بعد موبائل فونز بند ہوگئے۔ اس سلسلے میں ضلع کونسل کے رکن شہاب کھوسو نے بیٹے سمیت بھتیجوں کے اغوا کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز بیٹے سمیت بھتیجے گاڑی پر کوئٹہ جارہے تھے بختیار آباد کے علاقے میں پہنچے تو ان سے رابطہ ہوا جس کے بعد ان کے نمبرز بند ہوگئے جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے ہمیں شبہ ہے کہ نوجوانوں کو اغوا کیا گیا ہے، جیکب آباد کے 3 نوجوانوں کے اغوا کی اطلاع کے باوجود بلوچستان پولیس مغویوں کو بازیاب کرانے میں ناکام ہے تاہم مغوی نوجوانوں کے ورثا نے مطالبہ کیا ہے کہ نوجوانوں کو فی الفور بازیاب کرایا جائے۔
