اکثر اوقات کامیاب ہونے کیلئے ہمیں کچھ اور چیزیں شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی،بلکہ کچھ چیزوں کو ترک کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اگرچہ ہم میں سے ہر ایک کے نزدیک کامیابی کی تعریف مختلف ہو سکتی ہے،لیکن کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو سب کیلئے یکساں ہوتی ہیں۔جنہیں اگر آپ چھوڑ دیں تو آپ کی کامیابی کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔ان میں سے کچھ چیزوں کو آپ آج ہی ترک کر سکتے ہیں،جبکہ کچھ پر وقت لگ سکتا ہے۔
غیر صحت مند طرزِ زندگی
امریکی مصنف و موٹیویشنل سپیکر جم رون کا قول ہے کہ ”اپنے جسم کا خیال رکھو، یہی تمہاری واحد رہائش گاہ ہے‘‘۔ یاد رکھیں زندگی میں سب کچھ اچھی صحت سے حاصل ہوتا ہے۔سب سے پہلے، آپ کو اپنی صحت کا خیال رکھنا ہوگااور اس کیلئے صرف دو باتیں ذہن میں رکھیں، صحت بخش غذا اور جسمانی سرگرمی۔
قلیل المدتی سوچ
کامیاب لوگ طویل المدتی اہداف رکھتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ یہ مقاصدروزمرہ کی چھوٹی چھوٹی عادتوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔ یہ صحت مند عادتیں صرف کرنے کی چیز نہیں ہوتیں بلکہ یہ آپ کی شخصیت کا حصہ بن جانی چاہییں۔
خود کو معمولی سمجھنا
خود کو کمتر ظاہر کرنا دنیا کی کوئی خدمت نہیں۔ ہم سب کے اندر کامیاب بننے کی صلاحیت ہوتی ہے، یہ کسی ایک فرد تک محدود نہیں۔اگر آپ بڑے خواب دیکھنے اور انہیں حقیقت بنانے کی جرات نہیں کریں گے تو آپ اپنی اصل صلاحیت کو کبھی نہ پہچان سکیں گے۔
بہانے بازی
کامیاب لوگ جانتے ہیں کہ وہ اپنی زندگی کے خود ذمہ دار ہیں۔یہ حقیقت تسلیم کرنا کہ آپ کی زندگی میں جو کچھ آگے ہو گا،اس کے آپ مکمل ذمہ دار ہیں ایک طرف خوفناک ہے تو دوسری طرف حوصلہ افزا بھی۔ یہی واحد راستہ ہے کامیابی کی طرف بڑھنے کاکیونکہ بہانے تراشنا ہماری ذاتی اور پیشہ ورانہ ترقی کو روک دیتا ہے۔
جامد سوچ کو خیرباد کہیں
امریکی ادیب رابرٹ گرین کا کہنا ہے کہ ”مستقبل ان لوگوں کا ہے جو نئی مہارتیں سیکھتے ہیں‘‘۔ جامد (Fixed) ذہن رکھنے والے افراد یہ سمجھتے ہیں کہ ان کی صلاحیتیں پیدائشی اور ناقابلِ تبدیل ہیں اور یہی فطری صلاحیتیں کامیابی کی ضامن ہیں لیکن وہ غلط ہیں۔ کامیاب لوگ مسلسل نیا علم حاصل کرتے ہیں، نئی مہارتیں سیکھتے ہیں تاکہ اپنی زندگی کو کامیاب بنا سکے۔ یاد رکھیں آپ آج جو ہیں، یہ ضروری نہیں کہ کل بھی ویسے ہی رہیں۔ آپ بدل سکتے ہیں اور یہ تبدیلی ہی آپ کی کامیابی کی بنیاد بن سکتی ہے۔
”جادوئی حل‘‘ پر یقین
راتوں رات کامیابی صرف ایک فسانہ ہے۔کامیاب لوگ جانتے ہیں کہ روزانہ کی بنیاد پر کی جانے والی چھوٹی چھوٹی بہتریاں وقت کے ساتھ مل کر بڑا اثر ڈالتی ہیں، اور بالآخر مطلوبہ نتائج فراہم کرتی ہیں۔اسی لیے مستقبل کی منصوبہ بندی ضرور کریں،لیکن اپنی توجہ آج پر مرکوز رکھیں۔
Perfectionism
کوئی بھی چیز کبھی مکمل طور پر کامل نہیں ہو سکتی، چاہے ہم کتنی بھی کوشش کریں۔ ناکامی کا خوف اکثر ہمیں قدم اٹھانے سے روک دیتا ہے۔ہم اپنی تخلیق کو دنیا کے سامنے لانے سے گھبراتے ہیں۔لیکن اگر ہم ہر چیز کے درست ہونے کا انتظار کرتے رہیں تو بے شمار مواقع ہمارے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔لہٰذا، اپنی تخلیق کو سامنے لائیں،پھر وقت کے ساتھ اسے بہتر بنائیں ۔
ملٹی ٹاسکنگ
ونسٹن چرچل نے ایک بار کہا تھا کہ ”اگر تم ہر بھونکنے والے کتے پر پتھر پھینکتے رہوگے تو کبھی اپنی منزل تک نہیں پہنچو گے‘‘۔کامیاب لوگ اس راز کو جانتے ہیں۔اسی لیے وہ ایک کام کو چنتے ہیں اور پھر اس پر مکمل توجہ اور توانائی لگا کر اسے مکمل کر کے دم لیتے ہیں۔کسی ایک کام پر مکمل توجہ دینا اور اس سے وابستگی رکھناکامیابی کیلئے لازمی ہے۔
ہر کام کو”ہاں‘‘کہنا
کامیاب لوگ یہ جانتے ہیں کہ اپنے مقاصد کو پانے کیلئے انہیں بعض کاموں، مصروفیات اور بعض اوقات دوستوں، خاندان یا ساتھیوں کی فرمائشوں کو ”نہ‘‘ کہنا ہوگا۔آپ وقتی خوشی ترک کریں گے،لیکن جب آپ کے خواب حقیقت میں بدلیں گے تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ وہ ”نہ‘‘ کتنے قیمتی تھے۔
منفی لوگوں سے جان چھڑائیں
جن لوگوں کے ساتھ آپ وقت گزارتے ہیں، وہی آپ کی شخصیت کی تشکیل کرتے ہیں۔اگر آپ زیادہ وقت ان لوگوں کے ساتھ گزاریں گے جو خود آگے بڑھنے میں دلچسپی نہیں رکھتے تو آپ کی ترقی کی رفتار بھی سست پڑ جائیگی۔ اگر آپ ان لوگوں کے قریب رہیں جو ترقی یافتہ، منظم یا پرعزم ہیں تو آپ کی کامیابی کی رفتار تیز ہو جائیگی۔
سوشل میڈیا پر انحصار کرنا
بے مقصد انٹرنیٹ براؤزنگ ایک خطرناک لت بن چکی ہے۔یہ آپ کی زندگی یا آپ کے خوابوں سے فرار کا ذریعہ نہیں بننی چاہیے۔جب تک آپ کے اہداف ان سے براہِ راست وابستہ نہ ہوں،آپ کو ان پر انحصار کم سے کم (یا ختم) کردینا چاہیے۔
