بھارت کی ریاست اتر پردیش کے ضلع بارابنکی میں ایک غیر رجسٹرڈ اور تجربہ کار نہ ہونے والے ڈاکٹر کے غلط آپریشن نے ایک خاتون کی جان لے لی۔
پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مریضہ منیشرا راوت شدید پیٹ درد کے باعث اپنے شوہر کے ساتھ مقامی کلینک گئیں۔ کلینک کے مالک گیان پرکاش مشرا اور وِویک مشرا نے بتایا کہ درد کی وجہ گردے کی پتھری ہے اور 25 ہزار روپے میں آپریشن کیا جا سکتا ہے، جو بعد میں 20 ہزار روپے پر طے پایا۔
واضح رہے کہ ملزم نے یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر آپریشن کرنے کی کوشش کی اور اس دوران مریضہ کے پیٹ، آنتوں اور غذائی نالی کی کئی رگیں کاٹ دیں، جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک ہو گئیں۔
پولیس نے کلینک کے مالکوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ایسے خطرناک واقعات کی روک تھام کی جا سکے۔









