27

ایران کو شکست، پاکستان پہلی بار ایشین انڈر 16 والی بال کا چیمپئن بن گیا

پاکستان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے کے بعددفاعی چیمپئن ایران کو 2-3 سے شکست دے کرایشین انڈر16 والی بال چیمپئن بن گیا۔ پاکستان نے ٹائٹل جیت کر وننگ ٹرافی کے ساتھ گولڈ میڈل بھی حاصل کرلیا اور تاریخ رقم کر دی۔ اعزاز کے دفاع میں ناکام ایرانی ٹیم کو سلور میڈل پرقناعت کرنا پڑی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ایشین والی بال کنفیڈریشن کے تحت تھائی لینڈ کے شہرناکھون پاتھوم میں منعقدہ دوسری ایشین انڈر 16 والی بال چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان انڈر16 ٹیم نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرکے ایشین جونیئر چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

پہلے دو سیٹ ہارنے والی قومی جونیئر ٹیم نے بہترین انداز میں کم بیک کرکے اگلے تینوں سیٹ جیت کراپنا لوہا منوا لیا۔ ایونٹ میں پاکستان کی ایران کے خلاف یہ دوسری فتح رہی ،ایران نے پہلے سیٹ میں دلچسپ مقابلے کےبعد 22-25سے کامیابی حاصل کی۔

دوسرے سیٹ میں فاتح ٹیم نے21-25 سے جیت کر0-2 کی برتری پالی، سنسنی خیزمقابلے کے بعد پاکستان نے تیسرا سیٹ 28-30 سے جیت کر ہلچل مچادی اور چوتھا سیٹ بھی 21-25 سے جیت لیا۔پاکستان نے پانچویں اور آخری سیٹ میں حریف ٹیم کو مکمل طور پر بے بس کردیا اور یہ سیٹ 10-15 سے جیت کر چیمپئن شپ کا فاتح بن گیا۔

پاکستان نے چیمپئن شپ میں شاندار پرفارمنس کی بدولت پہلے ہی عالمی انڈر17 والی چیمپین شپ 2926 میں شرکت کا حق پالیا تھا۔

پاکستان نے سیمی فائنل میں روایتی حریف بھارت کو 0-3 سے مات دے کرایونٹ میں ناقابل شکست ہونے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

دوسرے سیمی فائنل میں ایران نے جاپان کو 0-3 سے شکست دی تھی۔

قبل ازیں پاکستان نے کوارٹر فائنل کی پوزیشن کے مقابلے میں ایران کو1-3 سے شکست دے کرفائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔ پاکستان گروپ ڈی میں کوریا، سعودی عرب اور بعد چائینیز تائپے کو قابو کرکے گروپ چیمپئین بنا اور انڈونیشیا کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی پائی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں