نیب بلوچستان کا نجی سکول اینڈ کالج کوئٹہ میں ’’کرپشن کے خاتمے میں طلبا کا کردار‘‘کے موضوع پر آگاہی لیکچر

91

نیب بلوچستان نے بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے تحت کوئٹہ کے نجی سکول اینڈ کالج میں ’’بدعنوانی کے خاتمے میں طلبا کے کردار اور نیب کے کام کا طریقہ کار‘‘ کے عنوان سے آگاہی لیکچر کا انعقاد کیا۔ لیکچر کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلبا کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لئے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔
نیب بلوچستان کے افسران کے ایک وفد نے ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب عمران مجید کی قیادت میں طلبا اور فیکلٹی ممبران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلبا کے اہم کردار پر بات کی۔نیب افسران نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلبامعاشرے میں تبدیلی کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔

افسران نے طلبا کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی کی روک تھام کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔

اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر بیان کیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔
اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلبا بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کومزید فروغ دیا جا سکے ۔ اس موقع پر نجی سکول اینڈ کالج کی وائس پرنسپل فریحہ نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ لیکچر کے اختتام پر نیب کی جانب سےوائس پرنسپل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں