معروف اداکارہ علیزہ شاہ نے ڈراموں میں مسلسل غیر حاضری اور کام نہ کرنے کی حیران کن وجہ بتادی۔
فلم سپر اسٹار سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی ابھرتی ہوئی خوبرو اداکارہ علیزہ شاہ نے شوبز انڈسٹری میں خواتین کے ساتھ نامناسب سلوک، معاوضہ دینے میں تاخیر اور غیر پیشہ ورانہ رویے جیسے مسائل کو ڈراموں میں کام نہ کرنے کی وجہ بتایا۔
علیزہ شاہ نے انڈسٹری میں شادی شدہ مرد اداکاروں کے غیر مناسب رویے پر بھی کھل کر بات کی اور کہا کہ بعض افراد خواتین کے ساتھ غیر اخلاقی برتاؤ کرتے ہیں۔
اداکارہ علیزہ شاہ نے مزید بتایا کہ وہ اب صرف انہی پروجیکٹس کا حصہ بننا چاہتی ہیں جہاں ان کے ساتھ عزت اور وقار سے پیش آیا جائے اور وقت پر ادائیگی یقینی ہو۔
علیزہ شاہ نے شکوہ کیا کہ کئی بار اپنی محنت کی کمائی کے لیے تین سے چار ماہ تک انتظار کرنا پڑا تھا۔ بار بار اپنی ہی رقم مانگنی پڑتی ہے تب جا کر کہیں ادائیگی ہوتی ہے۔ میں اب صرف اسی جگہ کام کروں گی جہاں مجھے میرا حق وقت پر دیا جائے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر ان کے لباس پر تنقید کی جاتی ہے حالانکہ انہوں نے کبھی کسی غلط طریقے سے کام حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔